"خون اور پانی ساتھ نہیں بہہ سکتے"، مودی کی ایک اور گیدڑبھبکی

کیپشن: "خون اور پانی ساتھ نہیں بہہ سکتے"، مودی کی ایک اور گیدڑبھبکی

ویب ڈیسک: امریکی دباؤ اور اضافی درآمدی ٹیرف کے خدشے کے پیشِ نظر بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے یومِ آزادی کے موقع پر ملک کو خود انحصاری کی راہ پر گامزن کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنی ترقی کے لیے دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی اندرونی طاقت کو استعمال کرنا ہوگا۔

لال قلعے سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کسانوں کے مفادات کے تحفظ کا وعدہ کیا اور کہا کہ "خون اور پانی ساتھ نہیں بہہ سکتے"، اس لیے بھارت اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی خود غرضی کے اس ماحول میں بھارت کو اپنی طاقت پر کھڑا ہونا ہے اور توانائی، دفاع اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کو یقینی بنانا ہوگا۔

وزیرِاعظم مودی نے اعلان کیا کہ بھارت کو سیمی کنڈکٹر چپس، لڑاکا طیاروں کے انجن، فوجی ساز و سامان اور اسپیس اسٹیشن سمیت جدید دفاعی ٹیکنالوجی میں خود کفیل بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دہائی میں بھارت اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط دفاعی شیلڈ بھی تیار کرے گا۔

مودی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے روسی تیل کی خریداری بند نہ کرنے پر بھارت کو سخت تجارتی پابندیوں اور اضافی ٹیرف کی دھمکیاں دی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق امریکا 27 اگست سے بھارت پر درآمدی ٹیرف 25 سے 50 فیصد تک بڑھانے پر غور کر رہا ہے۔ یہ صورتحال بھارت کی معیشت کے لیے نئے چیلنجز پیدا کرسکتی ہے، خصوصاً جب عالمی سطح پر توانائی اور کموڈیٹیز کی قیمتیں پہلے ہی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔

Watch Live Public News