ویب ڈیسک: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے 08 ایمبولینسز، 03 موبائل ہیلتھ یونٹس اور 05 امدادی ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کر دی گئی۔ امدادی سامان کو صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن اور نائب صدر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے روانہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کے مطابق امدادی کھیپ میں 2000 ترپالیں، سینکڑوں خیمے، 06 ٹن خشک دودھ، 06 ٹن خشک خوراک، مچھر دانیاں اور دیگر ضروری سامان شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بونیر، اپر دیر، باجوڑ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ کل مزید 17 ٹرک امدادی سامان چکدرہ سے بونیر کے سیلاب زدہ علاقوں میں روانہ کیے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الخدمت کے رضاکار متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور بزرگوں، عورتوں اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کو تیار کھانا، پینے کا صاف پانی، خیمے اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندانوں تک فوری ریلیف پہنچایا جا سکے۔ صدر الخدمت نے خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
تقریب میں صوبائی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی شمالی پنجاب اقبال خان، الخدمت کے ریجنل صدور رضوان احمد، الطاف شیر، صدر ضلع راولپنڈی ہارون الرشید سمیت دیگر ذمہ داران اور رضاکار بھی موجود تھے۔
