ویب ڈیسک: پاکستان اور برطانیہ میں مقیم ہم وطنوں کے لیے پی آئی اے کا لندن کے لیے براہِ راست فلائٹ آپریشن چھ سال بعد رواں ماہ بحال کیا جا رہا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اسلام آباد سے ہفتہ وار تین جبکہ لاہور سے ایک پرواز آپریٹ کی جائے گی اور ان پروازوں کے لیے بوئنگ 777 طیارے استعمال کیے جائیں گے۔
پی آئی اے کی پروازیں ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 پر لینڈ کریں گی۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے پہلی پرواز 29 مارچ جبکہ لاہور سے 30 مارچ کو روانہ ہوگی، اور ابتدائی طور پر ہفتہ وار چار پروازیں چلائی جائیں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ لندن روٹ کے ساتھ پی آئی اے کا تعلق 70 سال سے زائد عرصے پر محیط ہے اور یہ اس کے ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل رہا ہے۔
ان پروازوں کی بحالی کے بعد برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 7 ہو جائے گی، جبکہ مستقبل میں اس میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2020 میں پابندی سے قبل پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے ہفتہ وار 10 پروازیں آپریٹ کر رہی تھی۔