ویب ڈیسک: پی ڈی ایم اے پنجاب کا دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلاب،اربن و فلیش فلڈ نگ بارے الرٹ جاری، 17 سے 23 اگست تک پنجاب بھر میں شدید طوفانی بارشوں اور بالائی پنجاب میں کلاؤڈ برسٹنگ کا خدشہ ہے ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ، ستلج، جہلم اور چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، 17 سے 19 آگست کے دوران دریائے چناب اور جہلم میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ممکنہ صورتحال بارے الرٹ رہنے کی ہدایات کردی، ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو ٹیموں کو پیشگی حساس مقامات پر تعینات کریں، موسلادھار بارش کی صورت میں شہریوں کو پیشگی آگاہ کریں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا اسٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہسپتالوں میں عملہ کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات کی۔
کہا کہ تمام حساس مقامات بالخصوص ہسپتالوں کے اطراف نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے، مساجد میں اعلانات اور لوکل سطح پر شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کی جائیں، شہریوں سے التماس ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں۔
پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں، شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔