پاکستان نے تیسرا ٹی ٹوئنٹی جیت کر ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کردیا

پاکستان نے تیسرا ٹی ٹوئنٹی جیت کر ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کردیا
کراچی ( پبلک نیوز) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے 208 رنز کا ہدف با آسانی 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، محمد رضوان 87 اور کپتان بابر اعظم نے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنا سب سے بڑا رنز کا ہدف تعاقب مکمل کیا ہے۔ کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز ویسٹ انڈین بولرز کو کسی خاطر میں نہ لائے اور 158 رنز کی شاندار شراکت داری بنائی۔ دونوں بیٹرز کے درمیان یہ ریکارڈ چھٹی سنچری رنز کی پارٹنرشپ تھی۔ محمد رضوان نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابراعظم نے 79 رنز بنائے ۔ اس کے علاوہ محمد رضوان ایک سال میں2 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے جبکہ بابر ایک سال میں 20 ٹی ٹوئنٹی ففٹیاں بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ آصف علی نے 21 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر207رنز بنائے،کپتان نکولس پورن 64 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے بیٹرز نے شروعات سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر207 رنز بنائے۔ کپتان نکولس پورن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 64 رنز بنائے جبکہ بروکس نے 49 اور برینڈن کنگ نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے 2 اور شاہنواز دھانی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کا 207 رنز کا ٹوٹل پاکستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسرا بڑا اسکور ہے ، اس سے قبل سری لنکا نے 3 وکٹوں پر ہی 211 رنز بنائے تھے۔ اس کے علاہ ویسٹ انڈیز کا یہ ٹوٹل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کسی ٹیم کا سب سے بڑا کا اسکور ہے۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔