ویب ڈیسک: برطانیہ نے روس کے خلاف بڑے پیمانے پر جنگ کی تیاری شروع کر دی ہے۔ برطانوی ایئر چیف مارشل سر رچرڈ نائٹن نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ روس کے خلاف جنگ کے لیے تیار رہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، ایئر چیف مارشل نائٹن نے رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس کی عسکری صلاحیت مسلسل بڑھ رہی ہے، جو برطانیہ اور نیٹو کے لیے حقیقی خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین میں 4 سالہ جنگ کے دوران روس نے جنگی تجربہ حاصل کر لیا ہے، اور برطانوی افواج جنگ کی صورت میں پہلا دفاعی حصار ہوں گی۔
ایئر چیف مارشل نے برطانوی عوام کو بھی خبردار کیا کہ انہیں جنگ کے لیے ذہنی طور پر تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا، "برطانیہ کے بیٹے اور بیٹیاں روس سے لڑنے کے لیے تیار ہو جائیں۔"
سر رچرڈ نائٹن نے مزید کہا کہ روس کی قیادت نے نیٹو کو چیلنج کرنے اور اسے کمزور کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، جس سے برطانیہ اور نیٹو کو مسلسل خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا، "میری عسکری زندگی میں کبھی صورتحال اتنی سنگین نہیں رہی۔"
انہوں نے جنگ کی تیاری میں صرف مسلح افواج کو نہیں بلکہ دفاعی صنعت اور اداروں کو بھی مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نائٹن نے کہا کہ فرانس کے ایک جرنیل کے بیان سے مکمل اتفاق ہے کہ جنگ کی صورت میں عوام کو اپنے بچوں کی قربانی کے لیے تیار رہنا چاہیے۔