کراچی: جیولری شاپ سے 30 کروڑ کا سونا اور ہیرے لوٹ لیے گئے

کراچی: جیولری شاپ سے 30 کروڑ کا سونا اور ہیرے لوٹ لیے گئے
کیپشن: کراچی: جیولری شاپ سے 30 کروڑ کا سونا اور ہیرے لوٹ لیے گئے

ویب ڈیسک: کراچی میں مبینہ طور پر شہر کی تاریخ کی بڑی نقب زنی کی واردات سامنے آگئی، جہاں اورنگی ٹاؤن کے اقبال مارکیٹ میں واقع ایک جیولری شاپ کی دیوار توڑ کر 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا اور ہیرے چوری کر لیے گئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان دکان کے عقب سے دیوار توڑ کر اندر داخل ہوئے اور 606 تولے (تقریباً 7 ہزار 64 گرام) سونا جبکہ 25 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ہیرے اور دیگر قیمتی سامان لے اڑے۔ چوری شدہ سامان میں صارفین کا جمع کرایا گیا زیور بھی شامل ہے۔

متاثرہ جیولر ایوب خان کی مدعیت میں اقبال مارکیٹ تھانے میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں ملزم کو دیوار میں سوراخ کر کے دکان میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق ملزم نے اندر داخل ہوتے ہی کیمرے کو کپڑے سے ڈھانپ دیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے کیمروں کی جگہ کا علم تھا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور لوٹے گئے مال کی برآمدگی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے جیولری مارکیٹس اور دیگر حساس تجارتی مراکز کی سیکیورٹی مزید سخت بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔

Watch Live Public News