بابر اعظم کی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی، ناپسندیدہ ریکارڈ قائم

بابر اعظم کی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی، ناپسندیدہ ریکارڈ قائم
کیپشن: بابر اعظم کی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی، ناپسندیدہ ریکارڈ قائم

ویب ڈیسک: قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

ایونٹ کے پہلے میچ میں انہوں نے نیدرلینڈز کے خلاف 18 گیندوں پر 15 رنز بنائے، جبکہ امریکا کے خلاف 32 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم بھارت کے خلاف اہم میچ میں وہ صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

چار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 31 سالہ سابق کپتان اب تک میگا ایونٹ میں ایک بھی مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل نہیں کر سکے۔ مزید برآں، وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں کم از کم 500 رنز بنانے والے بیٹرز میں سب سے کم اسٹرائیک ریٹ رکھنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

بابر اعظم نے ورلڈ کپ کے 18 میچز میں 35.25 کی اوسط سے 564 رنز اسکور کیے ہیں، جن میں پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں، تاہم ان کا اسٹرائیک ریٹ 110.37 رہا ہے جو اس فہرست میں سب سے کم ہے۔

اس فہرست میں سابق قومی کپتان محمد حفیظ 111.81 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ دوسرے جبکہ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا 112.22 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 112.53 اور پاکستان کے محمد رضوان 112.97 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

Watch Live Public News