(ویب ڈیسک ) وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں اب تک 22 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کےخوارج کے خلاف وسیع انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ 14دسمبر 2024 سے اب تک کی کارروائیوں میں 22 خوارج جہنم واصل ہوگئے جبکہ آپریشنز میں 18 خوارج زخمی ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات پر آپریشنز امن کی بحالی اور خوارج کے خاتمے تک جاری رہیں گے،سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر اعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تیراہ ، ضلع خیبر میں 14 دسمبر 2024 سے اب تک فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی۔انہوں نے ا ان آپریشنز میں 22 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پوری ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ مٰیں خراج تحسین:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پرسکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بارپھر بروقت آپریشن کرکے 22 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ 22 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو بلاشبہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے۔ خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی تحسین کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کے قیام امن کیلئے اقدامات لائق ستائش ہیں۔ قوم کی حمایت سے خوارجی دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کیا جا رہا ہے۔