تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین  کا اہم اجلاس،سیاسی جماعتوں کیساتھ رابطے تیز کرنے کا فیصلہ

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین  کا اہم اجلاس،سیاسی جماعتوں کیساتھ رابطے تیز کرنے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک ) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین  کا اہم اجلاس ہوا جس میں دیگر  سیاسی جماعتوں کیساتھ رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین کی اپوزیشن چیمبر میں اہم اجلاس ہوا،  اجلاس کی صدارت محمود خان اچکزئی نے کی۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب،سابق اسپیکر اسدقیصر،چئیرمین بیرسٹر گوہر شریک ہوئے، ایم ڈبلیو ایم سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس، پارلیمانی لیڈر زرتاج گل،عادل بازئی،علی محمد خان اور اخونزادہ حسین بھی  شریک ہوئے۔

اجلاس میں موجودہ سیاسی اور پارلیمانی امور سے متعلق صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ مذاکراتی کمیٹی اجلاس پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اتحادیوں کو اجلاس کی کارروائی پر اعتماد میں لیا۔

ملاقات میں آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیااجلاس میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرے گی۔ عوام پاکستان پارٹی،جمیعت علماء اسلام شیرانی اور جی ڈے اے کی قیادت سے ملاقات کی جائے گی۔

اجلاس میں افغانستان سمیت پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات  پر بات چیت کی گئی۔ اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے مذاکراتی کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی تائید کی۔

زرتارج گل نے کہا کہ  بانی چئیرمین عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے پارلیمنٹ اور باہر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

اسد قیصر نے کہا کہ  افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بہتر کرکے خطے کا ماحول پر امن بنانے کی ضرورت ہے،افغانستان کے ساتھ تعلقات کوبہترکرنے کے لیےموثر سفارت کاری کی ضرورت ہے، ہمسائیہ ممالک خصوصاً افغانستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  غزہ میں جنگ بندی کو خوش آئیند سمجھتے ہیں، پوری دنیا کی حمایت کے باوجود اسرائیل فلسطین میں اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکا۔

Watch Live Public News