ترکی میں گرفتاری کی خبریں، حریم شاہ سامنے آگئیں

ترکی میں گرفتاری کی خبریں، حریم شاہ سامنے آگئیں
معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے ترکی میں اپنی گرفتاری کی خبروں کو جھوٹا قرار دیدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ میڈیا نے میرے بارے میں ایسی خبریں چلائیں۔ حریم شاہ نے یوٹیوب پر اپنے خاوند بلال شاہ کے ہمراہ وضاحتی ویڈیو میں کہا کہ ہمارے بارے میں جھوٹی اور غلط خبریں نشر کی جا رہی ہیں۔ پاکستانی میڈیا نے بغیر تصدیق کے ان خبروں کو چلا دیا۔ ٹک ٹاکر حریم شاہ کا کہنا تھا کہ ترکی میں ان کو گرفتار کرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ وہ اس وقت اپنے خاوند کے ساتھ بیرون ملک مقیم ہیں۔ میڈیا سے گزارش ہے کہ وہ کوئی بھی خبر نشر کرنے سے پہلے مجھ سے تصدیق کر لیا کریں۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز میڈیا میں یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ حریم شاہ کو ترکی کے ہوائی اڈے سے گرفتار کرکے پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حریم شاہ جیسے ہی مسقط کی فلائٹ لینے کیلئے ائیرپورٹ پر پہنچیں انھیں دھر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک حکام نے ناصرف حریم شاہ بلکہ ان کے خاوند بلال شاہ کو بھی حراست میں لیا کیونکہ ان کے پاس سے بھاری مقدار میں کرنسی اور سونا برآمد ہوا تھا۔ تاہم اب خود حریم شاہ نے ان خبروں کو جھوٹا قرار دیدیا ہے۔ خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کو فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو نے مبینہ منی لانڈرنگ کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے تھے کہ عدالت نے ایف آئی اے کو حریم شاہ کو گرفتار کرنے سے روکا تو وہ برطانیہ سے ترکی پہنچ گئیں۔ ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہو کر حکم عدولی کی گئی۔ ٹک ٹاکر حریم شاہ کو آئندہ اٹھارہ اپریل تک پیشی کا حکم دیا جاتا ہے۔ عدالت عالیہ نے ریمارکس دئیے کی ٹک ٹاکر حريم شاہ ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوں، ورنہ ان کو گرفتار نہ کرنے کا حکم واپس لے لیں گے۔ گذشتہ سماعت کے موقع پر ٹک ٹاکر حریم شاہ کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ انگلینڈ سے واپسی پر ان کی موکلہ کو گرفتار کرنے کا خدشہ ہے، اس لئےعدالت ایف آئی اے کو کارروائی سے روکے۔ اس پر سندھ ہائیکورٹ نے یکم فروری 2022ء کو ایف آئی اے کو حریم شاہ کیخلاف کارروائی سے روکتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو پیش ہونے کا حکم ديا تھا۔ اس سے قبل ایف آئی اے نے جنوری 2022ء میں بینکوں کو خط لکھا تھا کہ حریم شاہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے جائیں۔ اس خط کی وجہ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو بنی تھی جس میں وہ غیر ملکی رقم دکھاتے ہوئے دعویٰ کر رہی تھیں کہ یہ رقم وہ پاکستان سے لندن لے کر گئیں۔ اپنی اس ویڈیو میں حریم شاہ کا کہنا تھا کہ میں تو اتنی بڑی رقم لے کر آرام سے لندن پہنچ گئی لیکن کسی نے روکا نہیں، پاکستانی کرنسی کی کوئی اہمیت نہیں چاہے لاکھوں میں بھی ہو۔ ویڈیو وائرل ہونے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے حریم شاہ کیخلاف تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے اکاؤنٹس فریز کرنے کے لئے خط لکھا تھا۔ اس پر ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ سے متعلق ویڈیو مذاق میں بنائی تھی، میں اپنی غلطی تسلیم کرتی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے علم نہیں کہ ایف آئی اے کو مجھ سے کیا ذاتی رنجش ہے۔ انہیں میری ذاتی دستاویزات میڈیا کو دینے کا کوئی حق نہیں ہے۔ اگر میرے اکاؤنٹس فریز کرنے ہیں تو ثبوت دینا ہوںگے۔ میں پاکستان واپسی پر ادارے کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہوں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔