یکم محرم الحرام کو غلاف کعبہ تبدیل کرنے کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیاگیا

یکم محرم الحرام کو غلاف کعبہ تبدیل کرنے کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیاگیا
یکم محرم الحرام کو غلاف کعبہ کی تبدیلی کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق شاہ عبدالعزیز کمپلیکس میں شعبہ فنی امورکے نگران انجینئرسلطان القرشی نے غلاف کعبہ کی منتقلی کےلیے استعمال ہونے والی بجلی کی گاڑیوں اوردیگر مشنری جن میں لفٹرز وغیرہ شامل ہیں کا جائزہ لیا۔ غلاف کعبہ کومسجد الحرام کے بیرونی دروازے سے مطاف تک پہنچانے کے لیے مخصوص راستے کا بھی تعین کیا گیا۔ غلاف کعبہ کووہاں تک لانا اوراس کے بعد کعبہ کی چاروں سمتوں میں غلاف کو لفٹر کے ذریعے بلند کرکے اسے کعبہ کی چھت تک لے جانے کے مراحل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ دریں اثنا ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے غلاف کعبہ کی تبدیلی کے لیے 15 افراد کو فنی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے جن میں غلاف تیار کرنے والی فیکٹری کے انجینئرز اور فنی شعبے کے ماہرین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے 670 کلوگرام ریشم کو سیاہ رنگ میں رنگا گیا ہے، غلاف کعبہ کو قرآنی آیات سے سونے اور چاندی کے دھاگوں سے بُنا گیاہے۔اس عمل میں 120 کلوگرام سونا اور 100 کلوگرام چاندی استعمال کی گئی ہے. خیال رہےکہ غلاف کعبہ تبدیلی کے تمام عمل کے دوران ہر ایک حصے کو علیحدہ علیحدہ کعبہ کے بالائی حصے پر لایا جاتا ہے جہاں سے پھر انہیں اتارا جاتا ہے اور پچھلا غلاف اتار لیا جاتا ہے۔ یہ عمل چار مرتبہ باری باری دہرایا جاتا ہے جب تک کہ نیا غلاف چڑھا نہ دیا جائے اور پرانا اتر نہ جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔