متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے وفد کا محکمہ داخلہ پنجاب کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ، محرم الحرام سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے وفد کا محکمہ داخلہ پنجاب کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ، محرم الحرام سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا
کیپشن: متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے وفد کا محکمہ داخلہ پنجاب کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ، محرم الحرام سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

ویب ڈیسک: متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے وفد کا محکمہ داخلہ پنجاب کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی اور محرم الحرام سکیورٹی انتظامات بارے تبادلہ خیال۔

چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب مفتی انتخاب احمد نوری کی قیادت میں تمام مکاتب فکر سے علماء کرام نے شرکت کی۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے بھی خصوصی شرکت کی۔ متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے وفد میں مفتی محمد رمضان سیالوی، حافظ محمد عمر مدنی، حافظ محمد امجد، ڈاکٹر شفیق خان پسروری، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، ڈاکٹر حافظ حسن مدنی، ڈاکٹر ذوالفقار اور ظفر عباس خواجہ شامل تھے۔  اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو عبدالرؤف اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے وفد نے 9 محرم الحرام کے جلوسوں و مجالس کی لائیو مانیٹرنگ اور سائبر پٹرولنگ کے عمل کا جائزہ لیا ۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومتِ پنجاب محرم الحرام کو پُرامن انداز میں گزارنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پنجاب میں 37 ہزار سے زائد مجالس اور 9 ہزار سے زائد جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا مرکزی کنٹرول روم 24/7 فعال ہے اور پنجاب بھر سے رپورٹس لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں تمام مجالس اور جلوسوں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ معزز علماء کرام قیام امن کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ علماء کرام محبت، رواداری اور بردباری کا پیغام عام کر رہے ہیں۔

چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب مفتی انتخاب احمد نوری نے کہا کہ متحدہ علماء بورڈ اتحاد بین المسلمین کیلئے حکومت پنجاب کی کاوشوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام قیام امن اور باہمی وحدت کیلئے ریاست کے دست و بازو ہیں۔ محرم الحرام کے آغاز سے قبل کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اور علماء کے قافلہ امن نے پنجاب بھر کا دورہ کیا۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ علماء کرام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ قیامِ امن کیلئے کوشاں ہیں۔ محکمہ داخلہ کا سائبر پٹرولنگ سیل سوشل میڈیا پر فرقہ واریت کے خلاف موثر کارروائی کر رہا ہے۔

دورے کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، سلامتی و خوشحالی اور قیامِ امن کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

Watch Live Public News