ویب ڈیسک: ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس جھوٹے اور بڑوں شہروں سے برآمد ہو ئےجبکہ مجالس منعقد اور نوحہ خانی بھی کی گئی۔ جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں اور بیشتر شہروں میں موبسائل سروس بھی معطل ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں جلوسوں، مجالس اور عزاداری کا سلسلہ جاری رہے گا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
لاہور میں 9 محرم الحرام کیلئے 378 مجالس اور 79 عزاداری جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ سکیورٹی کیلئے 11 ہزار سے زائد اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔21 ایس پیز، 18 ایس ڈی پی اوز اور 46 ایس ایچ اوز تعینات ہوں گے جبکہ شرکا کو تین درجاتی حصار پر مبنی سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز سمیت جدید آلات سے سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں روٹس کے اطراف پٹرولنگ کریں گی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ عاشورہ کے جلوس اور مجالس کو محفوظ بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے،پنجاب میں عاشورہ کے جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے 7490 جدید کیمرے نصب کیئے گئے ہیں،محکمہ داخلہ صوبہ بھر کے 36 اضلاع سے کیمروں کی لائیو فیڈ لے رہا ہے ،آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی سے لیس کیمروں کی لائیو فیڈ محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع میں قائم کردہ کنٹرول رومز میں بھی کیمروں کی مانیٹرنگ جاری ہے، لاہور ڈویژن میں عاشورہ کی مانیٹرنگ کیلئے 2067 کیمرے نصب کیے گئے،ڈی جی خان ڈویژن میں 1072 اور گجرانوالہ ڈویژن میں 863 کیمرے نصب ہیں،ملتان ڈویژن میں 750 جبکہ راولپنڈی ڈویژن میں 734 خصوصی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ عاشورہ کیلئے سرگودھا ڈویژن میں 562 اور ساہیوال ڈویژن 514 کیمروں کی تنصیب ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ فیصل آباد ڈویژن 476 اور بہاولپور ڈویژن میں 452 جدید کیمرے نصب کیے گئے،محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پی کے مطابق تھری ٹئیر سکیورٹی دی گئی ہے،فیلڈ فورسز کی تعیناتی مکمل اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے پوری طرح مستعد ہیں۔
اسلام آباد: جلوس امام بارگاہ اثناء عشری سے برآمد ہو گا
اسلام آباد میں جلوس امام بارگاہ اثناء عشری سیکٹر جی 6 سے برآمد ہو ا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اثناء عشری پر اختتام پذیر ہو گیا۔
پشاور: جلوس کیلئے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات
پشاور میں نویں محرم الحرام کا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے دس بجے برآمد ہوا، جلوس کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی خان: نویں محرم کا مرکزی جلوس برآمد
ڈی آئی خان میں نویں محرم الحرام کی مناسبت سے مرکزی جلوس امام بارگاہ بمو شاہ سے 9 بجے برآمد ہو گیا، شہر سے آج 4 ماتمی جلوس برآمد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق شہر میں موٹر سائیکل چلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ شہر کے حساس علاقوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔
نویں محرم اور یوم عاشور کی مجالس و جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لیے دو کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ساڑھے 8 ہزار پولیس اہلکار حفاظتی اقدامات کے تحت فرائض انجام دے رہے۔
دادو: 62 مجالس اور 55 جلوس برآمد ہوں گے
دادو میں آج 62 مجالس اور 55 ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔ایس ایس پی کے مطابق ضلع بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، 2 ماتمی جلوس انتہائی حساس جبکہ 16 حساس قرار دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کے دوران موبائل نیٹ ورک بند رکھا جائے گا۔
سکھر: نو ڈھالہ تعزیہ کو پرسہ دینے کی کوشش، کئی عزادار زخمی
روہڑی میں ساڑھے 500 سالہ قدیمی کربلاء معلی کا نوڈھالہ تعزیہ جلوس منڈو کھبڑ پہنچ گیا، نماز ظہرین کے بعد جلوس دوسرے مرحلے میں دوسری منزل کے لیے برآمد ہوا۔
سکھر میں نو ڈھالہ تعزیہ کو پرسہ دینے کی کوشش میں کئی عزادار بے ہوش و زخمی ہوگئے، زخمیوں اور بے ہوش عزاداروں کو طبی کیمپوں میں طبی امداد دینے کاسلسلہ جاری ہے۔تعزیہ کا جلوس اپنی پہلی منزل منڈو کھبڑ کے مقام پر پہنچ کر قیام کرے گا، پولیس، رینجرز اور اسکاؤٹس کے جوان رضا کارانہ طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
شکارپور میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل
پولیس کا کہنا ہے کہ آج شکارپور میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے، امن وامان کی صورتِ حال کو بہتر بنانے کے لیے سروسز معطل کی گئی۔پولیس نے کہا کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس رات 12 بجے تک بند رہیں گی۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس دن ڈیڑھ بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا۔دوپہر 12 بجے کے بعد نشتر پارک میں مرکزی مجلس ہوئی اور مجلس کے بعد جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا۔ جلوس کی طرف آنے والی سڑکیں اور گلیاں بند کر دی گئی جبکہ ایم اے جناح روڈ جزوی طور پر کھلا رہا، پولیس اور رینجرز جلوس کے روٹ پر موجود ہیں۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ بلند عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات ہو گی۔
9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی
محکمۂ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی سے خواتین، بچے، صحافی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمۂ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ اسلحے کی نمائش، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے۔