پاکستانی پروازوں پر پابندی کاخاتمہ خوش آئند ہے،وزیراعظم

پاکستانی پروازوں پر پابندی کاخاتمہ خوش آئند ہے،وزیراعظم

(ویب ڈیسک )  وزیراعظم شہباز شریف  نے برطانوی ایئر سیفٹی بورڈ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے لیڈران کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے ماضی میں پاکستانی پروازوں پر پابندیاں لگیں اور ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا،برطانیہ کی جانب سے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندیوں کا ختم ہونا برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے باعث اطمینان ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پی آئی اے کی پروازوں کا دوبارہ آغاز ملک کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

وزیراعظم نے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی کے خاتمے کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزارت دفاع اور ایویئیشن ڈویژن کی کاوشوں کی پزیرائی کی۔

انہوں نے کہا کہ  اس مثبت پیشرفت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ میں اضافہ ہو گا اور برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ  پاکستانی ائیرلائنز کو ہوائی سفر کے ضمن میں عالمی کمپنیوں کے ساتھ مسابقت میں لانے کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں،حکومت پاکستان قومی ایوی ایشن کے شعبے میں شفافیت، معیار اور بین الاقوامی معیار کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے بھرپور اقدامات لے رہی ہے۔

Watch Live Public News