(ویب ڈیسک ) قلات میں مسافربس پر فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کا کہن اہے کہ قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے، سیکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان نے بتایا کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات منتقل کیا جا رہا ہے، ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں کا تعاقب کر رہی ہیں، افسوسناک واقعے میں 3 مسافر شہید جبکہ 7 زخمی ہوئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس:
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلات میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر بس پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔انہوں نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی، حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات کے قریب مسافر بس پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ و حملے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے 3 مسافروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا۔
محسن نقوی نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی اور زخمی مسافروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا بے گناہ اور معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا کر امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہے ہیں۔ قوم کی حمایت سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔