(ویب ڈیسک ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) لاہور زون نے علیمہ خان کو نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق علیمہ خان کو 17 جولائی صبح 11 بج کر 30 منٹ پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے دفترمیں ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ طلبی کا مقصد ان سے ان کے دفاع میں بیان ریکارڈ کرنا ہے، یہ کارروائی انکوائری نمبر 2531/25 مورخہ 27 مئی 2025 کے تحت عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خان پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہی ہیں۔
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ملزمہ پیش نہ ہوئیں تو یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں کچھ پیش کرنے کو نہیں ہے۔عدم حاضری کی صورت میں قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ طلبی پر عمل نہ کرنے کی صورت میں علیمہ خان کیخلاف دفعہ 174 کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی وزارت داخلہ کے ماتحت ادارہ ہے۔
