میانمار کے قریب دو کشتیاں ڈوبنے سے 500 سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے، اقوام متحدہ

میانمار کے قریب دو کشتیاں ڈوبنے سے 500 سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے، اقوام متحدہ
کیپشن: میانمار کے قریب دو کشتیاں ڈوبنے سے 500 سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے، اقوام متحدہ

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ میانمار کے ساحل کے قریب دو کشتیوں کے مبینہ طور پر ڈوبنے کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) اور ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں میانمار کے ساحل کے قریب دو کشتیوں کے الٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن میں مجموعی طور پر 500 سے زائد افراد سوار تھے۔

بیان کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں کشتیاں جون کے آخر میں میانمار کی شورش زدہ ریاست راکھائن سے روانہ ہوئیں، جبکہ ان میں سوار زیادہ تر افراد اقلیتی مسلم روہنگیا برادری سے تعلق رکھتے تھے۔

اقوام متحدہ کے مطابق بعض مسافر بنگلادیش کے علاقے کاکس بازار میں قائم مہاجر کیمپوں سے بھی روانہ ہوئے تھے، جہاں راکھائن سے نقل مکانی کرنے والے 10 لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجر انتہائی دشوار حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 250 افراد کو لے جانے والی ایک کشتی روانگی کے کچھ ہی دیر بعد لاپتا ہو گئی، جبکہ تقریباً 280 مسافروں پر مشتمل دوسری کشتی 8 جولائی کو میانمار کے ایئیرواڈی ساحل کے قریب ڈوبنے کا خدشہ ہے۔

تاہم آئی او ایم اور یو این ایچ سی آر نے واضح کیا ہے کہ دونوں واقعات اور ممکنہ ہلاکتوں کی تعداد کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

اقوام متحدہ نے مزید خبردار کیا کہ یہ خطرناک سمندری سفر ایسے موسم میں کیا گیا جب سمندر عموماً طوفانی ہوتا ہے، جبکہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال نے مسافروں کو درپیش خطرات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

Watch Live Public News