ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کا سفر تمام ہونے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم اپنا آخری میچ آج آئرلینڈ کیخلاف کھیلے گی، بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 36 ویں میچ میں پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں امریکی ریاست فلوریڈا کے سنٹرل برووارڈ ریجنل پارک کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل آئر لینڈ اور امریکا کا میچ امریکی ریاست فلوریڈا کے سنٹرل برووارڈ ریجنل پارک کرکٹ سٹیڈیم میں ہی ہونا تھا لیکن بارش کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا، میچ منسوخ ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا، امریکا کو پوائنٹ ملنے کے بعد پاکستان کا ورلڈکپ میں سفر تمام ہو گیا، آج آئرلینڈ کے ساتھ میچ سے پاکستان کی پوزیشن کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
گروپ اے میں سے بھارت اور امریکا کی ٹیموں نے سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا، پاکستانی ٹیم پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے میں جگہ نہیں بنا سکی، قومی ٹیم نے 2007ء اور 2009ء کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔
2010ء اور 2012ء کے ورلڈ کپ میں بھی پاکستان نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، 2021ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے سیمی فائنل اور 2022ء کے ورلڈ کپ میں فائنل میں جگہ بنائی تھی۔