دبئی: سرکاری ملازمین کیلئے3دن کی ہفتہ وار چھٹیوں کا اعلان

دبئی: سرکاری ملازمین کیلئے3دن کی ہفتہ وار چھٹیوں کا اعلان
کیپشن: دبئی: سرکاری ملازمین کیلئے3دن کی ہفتہ وار چھٹیوں کا اعلان

ویب ڈیسک: تین دن کی ہفتہ وار تعطیلات کا خواب اب حقیقت کا روپ دھارنے جا رہا ہے، کیوں کہ دبئی حکومت نے موسم گرما کے دوران سرکاری ملازمین کے لیے 4 دن کام اور 3 دن چھٹی کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ پروگرام یکم جولائی سے 12 ستمبر 2025 تک نافذ العمل ہوگا، جس کا مقصد ملازمین کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال ممکن بنانا ہے۔

دو مختلف کام کے ماڈل:

دبئی کے ہیومین ریسورسز ڈیپارٹمنٹ کے اعلان کے مطابق ملازمین کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا:

پہلا گروپ:

ہفتے میں پیر سے جمعرات تک روزانہ 8 گھنٹے کام کرے گا اور جمعہ تا اتوار مکمل تعطیلات ہوں گی۔

دوسرا گروپ:

پیر تا جمعرات روزانہ 7 گھنٹے کام اور جمعہ کو آدھا دن کام کرے گا اور ہفتہ اور اتوار کو چھٹی کرے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 2024 میں دبئی حکومت نے اسی نوعیت کا پائلٹ پروگرام متعارف کرایا تھا، جس میں ملازمین سے سروے کے ذریعے آراء حاصل کی گئیں اور دفاتر کے اوقاتِ کار میں نرمی کی گئی۔ اس تجربے کو کامیاب قرار دیا گیا اور اس کے تسلسل کو مزید ایک سال تک بڑھانے کی سفارش کی گئی۔

 حکام کا مؤقف:

ڈائریکٹر جنرل ہیومین ریسورسز، عبداللہ الفیصل کا کہنا تھا کہ"اس اقدام کا مقصد سرکاری ملازمین کی فلاح، ذہنی سکون، اور توازن میں بہتری لانا ہے، جو بالآخر حکومتی کارکردگی پر مثبت اثر ڈالے گا۔"

 عالمی رجحانات کی جھلک:

شارجہ پہلے ہی 2022 سے ہفتے میں 4 روزہ ورک ویک اپنا چکا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے جنوری 2022 سے ساڑھے 4 دن کا کاروباری ہفتہ رائج کر رکھا ہے۔

برطانیہ میں 2022 کے دوران دنیا کا سب سے بڑا 4 دن ورک ویک ٹرائل ہوا جس میں 61 کمپنیوں نے شرکت کی۔ 56 کمپنیوں نے ماڈل کو برقرار رکھا۔18 نے مستقل طور پر اپنا لیا
2900 ملازمین نے حصہ لیا اور ان کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ دیکھا گیا۔

یہ نئی پالیسی نہ صرف دبئی بلکہ خطے میں کام کے جدید رجحانات کی نمائندگی کرتی ہے، جس سے مستقبل میں مزید ممالک اور ادارے بھی "کم وقت، زیادہ کارکردگی" کی سمت گامزن ہو سکتے ہیں۔

Watch Live Public News