گوگل نے مفت اسٹوریج پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا

گوگل نے مفت اسٹوریج پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا

(ویب ڈیسک) گوگل نے اپنی اکاؤنٹ اسٹوریج پالیسی میں اہم تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب اینڈرائیڈ فونز کا بیک اپ ڈیٹا بھی صارفین کی دستیاب گوگل اسٹوریج میں شمار کیا جائے گا۔

اس وقت دنیا بھر میں کروڑوں صارفین گوگل اکاؤنٹ استعمال کرتے ہیں، جس کے ساتھ محدود مفت کلاؤڈ اسٹوریج فراہم کی جاتی ہے۔ اب تک اس اسٹوریج میں گوگل فوٹوز کی تصاویر اور ویڈیوز، گوگل ڈرائیو کی فائلیں اور جی میل کی ای میلز شامل تھیں، تاہم نئی پالیسی کے تحت اینڈرائیڈ ڈیوائسز کا بیک اپ بھی اسی اسٹوریج کا حصہ ہوگا۔

گوگل نے اس تبدیلی سے متعلق صارفین کو ای میل کے ذریعے آگاہ کرتے ہوئے 45 روز کا نوٹس دیا ہے، جس کے بعد نئی پالیسی نافذ کر دی جائے گی۔

نئی پالیسی کے مطابق اینڈرائیڈ فون کی سسٹم سیٹنگز، ایپس کا ڈیٹا، ایس ایم ایس پیغامات، کال ہسٹری اور دیگر بیک اپ معلومات بھی گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج استعمال کریں گی۔

کمپنی کے مطابق پیشگی نوٹس کا مقصد صارفین کو اپنی اسٹوریج منظم کرنے، غیر ضروری بیک اپ حذف کرنے یا بیک اپ سیٹنگز میں تبدیلی کرنے کے لیے مناسب وقت فراہم کرنا ہے۔

اس سے پہلے گوگل صرف مخصوص ڈیٹا، جیسے گوگل فوٹوز کی اپ لوڈز اور بعض میسجنگ ڈیٹا کو اسٹوریج میں شمار کرتا تھا، لیکن نئی تبدیلی کے بعد اینڈرائیڈ بیک اپ بھی مفت اسٹوریج کو نمایاں طور پر متاثر کر سکتا ہے۔

گوگل نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی صارف کا بیک اپ دستیاب اسٹوریج کی حد سے تجاوز کر گیا تو اسے غیر ضروری ڈیٹا حذف کرنا ہوگا یا اضافی اسٹوریج حاصل کرنے کے لیے بامعاوضہ پلان خریدنا پڑے گا۔

کمپنی کے ایک ترجمان کے مطابق اوسط صارف کے اینڈرائیڈ بیک اپ کے لیے تقریباً 40 ایم بی اسٹوریج درکار ہوگی، جبکہ صارفین کو یہ اختیار بھی دیا جائے گا کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ کن ایپس اور کس قسم کے ڈیٹا کا بیک اپ محفوظ کیا جائے۔

یہ اقدام گوگل کی اسٹوریج پالیسی میں ایک نئی تبدیلی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مئی 2026 میں کمپنی نے بعض نئے اکاؤنٹس کے لیے مفت اسٹوریج کو 15 جی بی سے کم کرکے 5 جی بی کرنے کی آزمائش بھی شروع کی تھی۔

Watch Live Public News