(ویب ڈیسک ) ٹک ٹاک نے کمنٹس سیکشن کو مزید دلچسپ اور منفرد بنانے کے لیے وائس کمنٹس سمیت کئی نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے نئے فیچرز میں وائس کمنٹس، پولز، فوٹو کیروسلز اور لائیو فوٹوز شامل ہیں۔ ان فیچرز کے بعد صارفین صرف ٹیکسٹ یا ایک تصویر کے ذریعے ہی نہیں بلکہ مختلف انداز میں ویڈیوز کے نیچے اپنی رائے اور ردعمل کا اظہار کرسکیں گے۔
ٹک ٹاک کے مطابق پلیٹ فارم پر روزانہ 1.7 ارب سے زائد کمنٹس کیے جاتے ہیں، جس کے باعث کمنٹس سیکشن پہلے ہی صارفین کی بھرپور توجہ کا مرکز رہتا ہے۔
ٹک ٹاک کمنٹس میں وائس نوٹس کا فیچر متعارف کرا رہا ہے

نئے فیچرز میں سب سے نمایاں وائس کمنٹس ہیں، جن کے ذریعے صارفین کسی ویڈیو کے نیچے زیادہ سے زیادہ 60 سیکنڈ کا آڈیو پیغام ریکارڈ کرکے پوسٹ کرسکیں گے۔
ٹک ٹاک کے مطابق صارفین اس فیچر کے ذریعے کسی میم پر زبانی ردعمل دے سکیں گے، ہنسنے کی آواز ریکارڈ کرسکیں گے یا میوزک کریئیٹرز کے گانوں پر اپنی آواز میں جواب بھی دے سکیں گے۔
تاہم وائس کمنٹس کے باعث ہراسانی اور دیگر نامناسب رویوں کے خدشات بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔ ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ وائس کمنٹس پر بھی وہی کمیونٹی گائیڈ لائنز لاگو ہوں گی جو دیگر مواد پر ہوتی ہیں۔
کمپنی کے مطابق خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور انہیں ہٹانے کے لیے انسانی نگرانی کے ساتھ خودکار نظام بھی استعمال کیا جائے گا، جس میں اسپیچ ٹو ٹیکسٹ ٹرانسکرپشن بھی شامل ہے۔
ٹک ٹاک کے مطابق وائس کمنٹس کا فیچر اگلے ایک ماہ کے دوران دنیا بھر میں 18 سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کے لیے مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا۔
کریئیٹرز اب اپنے کمنٹس سیکشن میں پول بھی کرواسکیں گے

ٹک ٹاک کی جانب سے Comment Polls کا فیچر بھی پیش کیا گیا ہے، جس کے ذریعے کریئیٹرز اپنی ویڈیوز کے کمنٹس سیکشن میں براہِ راست پول شروع کرسکیں گے۔
کریئیٹرز اس فیچر کے ذریعے فالوورز سے پوچھ سکیں گے کہ انہیں اگلی ویڈیو کس موضوع پر بنانی چاہیے، کسی ویڈیو سے شروع ہونے والی بحث کا فیصلہ کراسکیں گے یا پھر لباس سے لے کر پسندیدہ کردار تک کسی بھی معاملے پر ناظرین سے ووٹ لے سکیں گے۔
ٹک ٹاک کے مطابق وائس کمنٹس کے برعکس Comment Polls کے لیے انتظار نہیں کرنا پڑے گا اور یہ فیچر 3 ستمبر سے دنیا بھر میں دستیاب ہوگا۔
فوٹو کمنٹس بھی اب بنیں گے ’ فوٹو ڈمپ‘

ٹک ٹاک نے فوٹو کمنٹس میں بھی بڑی تبدیلی کردی ہے۔ نئے Photo Carousel Comments فیچر کے تحت صارفین ایک ہی کمنٹ میں 9 تصاویر تک شامل کرسکیں گے۔
اس فیچر کے بعد صارفین کسی ایک ری ایکشن تصویر کے بجائے متعدد تصاویر پر مشتمل مکمل ’ فوٹو ڈمپ‘ کسی دوسری ویڈیو کے کمنٹس میں شیئر کرسکیں گے۔
ٹک ٹاک کے مطابق Photo Carousel Comments کا فیچر بھی آئندہ ایک ماہ کے دوران دنیا بھر کے صارفین کے لیے مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا۔