پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل کردیا

پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل کردیا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے پیش نظر لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ دو روز قبل پی ڈی ایم نے اعلان کیا تھا کہ 23 مارچ کو ظہر سے عصر کے درمیان پورے ملک سے قافلے چل پڑیں گے اور 24 کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ لانگ مارچ اسلام آباد میں کتنے دن رہے گا یہ فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ گذشتہ روز کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ہدایت کی تھی کہ 23 مارچ کی پریڈ اور او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کیلئے جامع سکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ مولانا فضل الرحمان کے زیر صدارت پی ڈی ایم سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ 24 مارچ تک اسلام آباد میں ہوںگے۔ اجلاس کے باعث اسلام آباد میں مہمانوں کے آنے جانے میں کسی قسم کی مشکلات نہیں ہونی چاہیں۔ اسی لئے قافلے 23 مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہمان، مہمان ہوتے ہیں اس لئے ہمارا فرض ہے کہ ان کو احترام دیں، لہٰذا 23 مارچ کو دور کے علاقوں سے جو قافلے روانہ ہوں گے تو قریب کے اضلاع ان کے ساتھ شامل ہوں گے اور یہ قافلے 25 مارچ کو اسلام آباد میں مغرب کے بعد داخل ہوں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔