قومی اسمبلی اسپیکر ایاز صادق سے امریکی سفیر کی اہم ملاقات

ویب ڈیسک: امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ امریکہ ، پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات کو بڑٰی اہمیت دیتا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

 امریکی سفیر کی سردار ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی، امریکی سفیر کا اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، امریکہ اور پاکستان کے مابین پارلیمانی روابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پارلیمانی رابطے دونوں ممالک کے مابین عوامی اور پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ   امریکہ، پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، امریکی سفیر کا پاکستان میں جمہوری عمل کی مضبوطی کے لیے اپنی حکومت کی جانب سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔  

امریکی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ علاقائی اور بین الاقوامی امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔