مسجد الحرام میں دل کے مریضوں کے لیے ’سیف ہارٹ زون‘ قائم

مسجد الحرام میں دل کے مریضوں کے لیے ’سیف ہارٹ زون‘ قائم

(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں مکہ ہیلتھ کلسٹر نے مسجد الحرام میں دل کے مریضوں کے لیے خصوصی طبی سہولت ’ سیف ہارٹ زون‘ قائم کر دی ہے، جس کا انتظام کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق اس اقدام کا مقصد دل کے امراض میں مبتلا افراد کو ہنگامی صورتحال کے دوران فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کرنا ہے تاکہ جان بچانے میں تاخیر نہ ہو۔

رپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ عمرہ ادا کرنے کے لیے آنے والے زائرین اور مقدس مقامات پر آنے والے افراد کی صحت کے بہتر تحفظ کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے ہیلتھ سیکٹر ٹرانسفارمیشن پروگرام کے اہداف کے تحت معیاری طبی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت 10 کارڈیک انٹینسیو کیئر بیڈز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ 30 ماہر طبی عملے پر مشتمل ٹیم مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے موجود ہے۔

الحرم اسپتال میں ایک موبائل کیتھیٹرائزیشن لیبارٹری بھی قائم کی گئی ہے جہاں دل کے مختلف امراض کا علاج کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ پیچیدہ کیسز کے لیے جدید میکینیکل سپورٹ کی سہولت بھی موجود ہے، جن میں جان بچانے والی ڈیوائس ای سی ایم او کے ساتھ دل کے مریضوں کے لیے اسٹنٹس اور خصوصی ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

Watch Live Public News