(ویب ڈیسک ) سعودی عرب نے دنیا بھر کے عمرہ زائرین کے لیے ایک اہم سہولت متعارف کراتے ہوئے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
نئے نظام کے تحت زائرین ویزا کی مدت کے دوران متعدد مرتبہ سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے، جبکہ مجموعی طور پر 90 دن تک قیام کی اجازت ہوگی۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق یہ ویزا اجرا کی تاریخ سے 365 روز تک مؤثر رہے گا۔ اس عرصے میں زائرین کئی بار مملکت میں داخل ہو سکیں گے، تاہم تمام دوروں کا مجموعی قیام 90 دن سے زیادہ نہیں ہو سکے گا۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ اس ویزے کے ذریعے حج سیزن کے دوران سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ ہر سفر کے لیے منتخب کیا جانے والا عمرہ پیکیج ویزے پر دستیاب باقی ماندہ قیام کی مدت سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔
نئے ضوابط کے مطابق ہر نئے سفر سے پہلے زائرین کو نسک پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ منظور شدہ سروس فراہم کنندہ سے عمرہ پیکیج خریدنا ہوگا، جبکہ نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا، جس کی تاریخیں منتخب پیکیج سے مطابقت رکھیں گی۔
وزارتِ حج و عمرہ نے مزید بتایا کہ ہر بار سعودی عرب سے روانگی پر ویزا خودکار طور پر غیر فعال ہو جائے گا، جبکہ دوبارہ آمد پر تمام ضابطہ جاتی شرائط پوری ہونے کے بعد یہ ازخود فعال ہو جائے گا۔
اگر کوئی زائر 90 دن کی مکمل اجازت استعمال نہ کرے تو باقی ماندہ دن ویزا کی ایک سالہ مدت ختم ہونے تک آئندہ دوروں میں استعمال کیے جا سکیں گے۔
سعودی حکام کے مطابق اس نئے اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کو مزید سہولت فراہم کرنا، سفر کو آسان بنانا اور ویژن 2030 کے تحت مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔