ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے جمعے کے روز اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک-امریکا تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ پاک بھارت جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ"دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے اور جنگ بندی کے عمل میں صدر ٹرمپ کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے خطے کو ممکنہ تباہی سے بچا کر انسانیت کی خدمت کی ہے۔ پاکستان امریکی صدر کے مثبت خیالات کا خیرمقدم کرتا ہے اور ہم امریکا کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔"
قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے بھی پاکستان کے ساتھ امریکا کے دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ"امریکا مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا، دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔"
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب جنوبی ایشیا میں امن کی بحالی اور عالمی سفارت کاری میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔