معروف ایئرلائن کا فوری طور پر اپنی سروسز بند کرنے کا اعلان، تمام پروازیں بھی منسوخ

معروف ایئرلائن کا فوری طور پر اپنی سروسز بند کرنے کا اعلان، تمام پروازیں بھی منسوخ
کیپشن: "بلیو آئی لینڈز ایئرلائن نے تمام پروازیں منسوخ کر کے فوری سروسز معطل کر دیں"

ویب ڈیسک: برطانوی ایئرلائن بلیو آئی لینڈز نے اچانک اپنی خدمات بند کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے نتیجے میں تمام شیڈول پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ایئرلائن نے مسافروں کو ایئرپورٹ جانے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

بلیو آئی لینڈز، جو چینل آئی لینڈز سے برطانیہ کے مختلف ایئرپورٹس کے لیے پروازیں چلاتی تھی، نے 14 نومبر 2025 سے اپنی خدمات معطل کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔ ایئرلائن نے مسافروں سے ہونے والی پریشانی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "تمام آئندہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، برائے مہربانی ایئرپورٹ آنے سے گریز کریں جب تک متبادل انتظامات نہ کر لیے جائیں۔"

بلیو آئی لینڈز کی آخری پرواز 14 نومبر کو جرسی میں اتری، جس کے بعد تقریباً 100 ملازمین کی نوکریاں بھی ختم ہو گئیں۔ براہ راست بکنگ کرنے والے مسافروں کو بینک سے رابطہ کرنے اور ٹریول ایجنٹ کے ذریعے بکنگ کرنے والوں کو کمپنی سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یوکے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کنزیومر اینڈ مارکیٹس ڈائریکٹر، سیلینا چڈھا نے کہا ہے کہ "بلیو آئی لینڈز کی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، صارفین تازہ ترین معلومات کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ویب سائٹ دیکھیں۔"

یاد رہے کہ بلیو آئی لینڈز کی بنیاد 2006 میں رکھی گئی تھی اور کووڈ کے دوران اسے حکومت سے £8.5 ملین کا قرضہ ملا تھا۔ تاہم، حالیہ رپورٹوں کے مطابق ایئرلائن پر £7 ملین سے زائد کا بقایا قرض ابھی بھی موجود ہے۔

Watch Live Public News