برطانیہ:پناہ حاصل کرنے والے افراد کو مستقل رہائش 20 سال بعد ملے گی

برطانیہ:پناہ حاصل کرنے والے افراد کو مستقل رہائش 20 سال بعد ملے گی
کیپشن: برطانیہ:پناہ حاصل کرنے والے افراد کو مستقل رہائش 20 سال بعد ملے گی

ویب ڈیسک: برطانوی وزیرِ داخلہ شبانہ محمود پیر کے روز ملک کی پناہ گزین پالیسی میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کرنے جا رہی ہیں، جن کے تحت برطانیہ میں پناہ حاصل کرنے والے افراد کو اب مستقل رہائش کے لیے 20 سال تک انتظار کرنا پڑے گا۔

حکومت کے مطابق یہ اقدامات غیر قانونی ہجرت، خصوصاً چھوٹی کشتیوں کے ذریعے انگلش چینل عبور کرنے والوں کی تعداد میں کمی لانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت پناہ ملنے والے افراد کو مستقل نہیں بلکہ عارضی اسٹیٹس دیا جائے گا۔

اس وقت قانون کے مطابق پناہ گزینوں کو 5 سالہ حیثیت دی جاتی ہے، جس کے بعد وہ مستقل رہائش کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ مگر مجوزہ پالیسی کے تحت یہ ابتدائی مدت کم کر کے صرف ڈھائی سال کر دی جائے گی۔ ڈھائی سال مکمل ہونے پر پناہ گزینوں کا اسٹیٹس دوبارہ جانچا جائے گا، اور اگر ان کا آبائی ملک محفوظ قرار پاتا ہے تو انہیں واپسی کی ہدایت بھی کی جا سکتی ہے۔

نئی پالیسی کے مطابق مستقل رہائش کے لیے پناہ گزینوں کو مسلسل 20 سال تک عارضی حیثیت برقرار رکھنا ضروری ہوگا۔ برطانوی حکومت کی یہ حکمتِ عملی ڈنمارک کی سخت پناہ پالیسیوں سے متاثر دکھائی دیتی ہے، جہاں مہاجرین کو 2 سالہ عارضی اسٹیٹس دیا جاتا ہے اور ہر مدت کے بعد ان کی حیثیت دوبارہ زیرِ جائزہ آتی ہے۔

Watch Live Public News