ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف اور اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم اور دفاعی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور اردن نے اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
فریقین نے خطے اور عالمی فورمز پر مشترکہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ شاہ عبداللہ دوم نے غزہ کے مسئلے پر اردن کے مؤقف کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
گفتگو کے دوران پاکستان اور اردن نے فلسطین کے حوالے سے اپنے یکساں مؤقف کا اعادہ کیا اور غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی سخت مخالفت کی۔ دونوں ممالک نے آٹھ عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ قریبی رابطہ بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر وفاقی وزرا بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو افغانستان اور بھارت کی موجودہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی، جس پر اردنی بادشاہ نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر پاکستان اور اردن کے درمیان میڈیا، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ بعد ازاں وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
یاد رہے کہ اردن کے بادشاہ کا پاکستان کا آخری دورہ سابق صدر ممنون حسین کی دعوت پر ہوا تھا، جس دوران دو اہم ایم او یوز پر دستخط کیے گئے تھے۔