ویب ڈیسک: محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک ماہ میں غیر قانونی اسلحہ جمع کرانے کا الٹی میٹم جاری کر دیا۔
اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایک ماہ کے اندر شہری خدمت مرکز سے اپنے قانونی اسلحے کی رجسٹریشن کرائیں گے جب کہ اسلحہ ڈیلرز اور تمام ڈیلرز کے اسٹاک کی جانچ پڑتال کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
پنجاب میں نئے اسلحہ لائسنسوں کے اجراء پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے اسلحہ فیکٹریوں اور مینوفیکچررز کو ریگولرائز کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی سزا میں اضافے کی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی سزا 14 سال قید اور 20 لاکھ تک جرمانہ ہو گی۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب میں غیر قانونی اسلحہ رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہوگا۔