ویب ڈیسک: آن لائن سٹے بازی (جوا) ایپ کی تشہیر کے معاملے میں مشہور سابق بھارتی کرکٹرز اور اداکاروں کو طلب کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق کرکٹرز رابن اتھپا اور یوراج سنگھ اور اداکار سونو سود کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔
ای ڈی حکام کے مطابق رابن اتھپا کو 22 ستمبر، یوراج سنگھ کو 23 ستمبر اور سونو سود کو 24 ستمبر کو پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ معاملہ مبینہ طور پر غیر قانونی آن لائن بیٹنگ ایپ 1xBet سے متعلق ہے۔
اس سے قبل ایجنسی نے سابق کرکٹرز سریش رائنا اور شیکھر دھون سے بھی پوچھ گچھ کی تھی۔ ٹی ایم سی کے سابق ایم پی اور اداکارہ ممی چکرورتی کا بیان پیر کو ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بنگالی اداکار انکش ہزارا بھی منگل کو ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اداکارہ اور 1xBet کی انڈیا کی برانڈ ایمبیسیڈر اروشی روتیلا کو بھی طلب کیا گیا تھا لیکن وہ ابھی تک پیش نہیں ہوئیں۔
تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جوئے کی مبینہ غیر قانونی ایپس سرمایہ کاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے اور بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری میں ملوث ہیں۔ کمپنی کے مطابق، 1xBet ایک عالمی شہرت یافتہ جوئے کی ایپ ہے جو جوئے کی صنعت میں گزشتہ 18 سالوں سے کام کر رہی ہے اور اس کی ویب سائٹ اور ایپ 70 زبانوں میں دستیاب ہیں۔