(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے عہدے سے ہٹائے جانے کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کردی۔
چیئرمین پی ٹی اے نے انٹرا کورٹ اپیل آرڈیننس 1972ء کے تحت دائر کی ہے۔اپیل کنندہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے موجودہ چیئرمین ہیں،انہیں پہلے 24 مئی 2023 کو پی ٹی اے میں ممبر (انتظامیہ) مقرر کیا گیا تھا پھر 25 مئی 2023 کو انہیں چیئرمین پی ٹی اے کے طور پر تعینات کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن قوانین اور ضوابط کے مطابق اپنے کام انجام دے رہے ہیں۔یہ اپیل چیئرمین پی ٹی اے کی قانونی تعیناتی کو ثابت کرنے کیلئے دائر کی گئی ہے۔
اپیل کنندہ چیئرمین پی ٹی اے نے عدالت سے اپیل فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار نے آج ایک محفوظ فیصلے سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ دیا تھا۔