عدالت نے فراڈ کیس میں گرفتار رہنما پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) علی حیدر زیدی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے ۔ صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی کے خلاف فراڈ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ہوئی جہاں علی زیدی کو سخت سیکیورٹی میں پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان بھی ملیر کورٹ پہنچ گئے ، احاطہ عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں نے احتجاج کیا اور علی زیدی کو رہا کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔ سماعت کے دوران علی زیدی کے وکیل کا کہنا تھا کہ یہ کیس سول عدالت کا بنتا ہے کریمنل کیس کا نہیں بنتا ہے ، ٹرانزیکشن کیسے ہوئی ہے ایف آئی آر اس حوالے سے بلینک ہے ، کوئی بینک چیک وغیرہ کچھ بھی مدعی کی طرف سے پیش نہیں کیا گیا ہے ، مدعی مقدمہ اور علی زیدی کے درمیان لین دین کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا ہے ۔