پاکستان ورلڈ بنک کا10 سالہ منصوبے پر اتفاق ، وفاقی وزیر خزانہ کی اہم ملاقاتیں

پاکستان ورلڈ بنک کا10 سالہ منصوبے پر اتفاق ، وفاقی وزیر خزانہ کی اہم ملاقاتیں

ویب ڈیسک : عالمی بینک گروپ کے صدر نے  وفاقی وزیر خزانہ کو معاشی استحکام اور محصولات بڑھانے کے لیے اصلاحات اور ڈیجٹلائزیشن پروگرام میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

 واشنگٹن ڈی سی میں عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بانگا اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے 10 سال کے لیے ’رولنگ کنٹری فریم ورک پلان‘ کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

 وفاقی وزیر خزانہ نے 9 ماہ کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ (آیی ایم ایف) کے تحت سٹینڈ بائے ارینجمنٹ (ایس بی اے) پروگرام کے تحت پاکستان کی ترقی اور ٹیکسیشن، توانائی اور نجکاری کے ترجیحی شعبوں میں جاری اصلاحات پر روشنی ڈالی اور عالمی بینک گروپ کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں جہاں وہ آئی ایم ایف سمیت دیگر مالیاتی اداروں کے رہنماؤں اور دیگر ممالک کے وزرائے خزانہ سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

گذشتہ روز ایک میڈیا  انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا تھا کہپاکستان کے اقتصادی اصلاحاتی پروگرام کی حمایت کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف)  کے ساتھ اربوں ڈالر قرض کے ایک نئے معاہدے پر بات چیت شروع کر دی ہے۔

 وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان ادائیگیوں کے توازن کے بحران سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ نو ماہ کے تین ارب ڈالر قرض کے پروگرام کے اختتام کے قریب ہے۔ اس بحران نے پاکستان کو گذشتہ موسم گرما میں ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ترقیاتی فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے سربراہ سکاٹ ناتھن سے بھی ملاقات کی جس مںی حل طلب مسائل کے خوش اسلوبی سے حل کے بعد پاکستان میں ڈی ایف سی کی سرمایہ کاری میں توسیع کے طریقے تلاش کیے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستانی حکومت نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے جدید فنانسنگ ماڈلز کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ملک میں کسی بھی مقامی/غیر ملکی سرمایہ کار کی جانب سے سرمایہ کاری کے اقدامات کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

 محمد اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) صدر مساٹسوگو اساکاوا سے بات چیت میں بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے، رعایتی فنانسنگ کے تعاون کی حفاظت اور مستقبل کے منصوبوں کے تسلسل پر توجہ مرکوز کی گئی۔

Watch Live Public News