پنجاب حکومت کا کسانوں کے لیے 15 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان

پنجاب حکومت کا کسانوں کے لیے 15 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان
کیپشن: پنجاب حکومت کا کسانوں کے لیے 15 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان

ویب ڈیسک: پنجاب میں گندم کاشت کرنے والے کسانوں کے لیے خوشخبری، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے زرعی شعبے کی بہتری کے لیے خصوصی مالیاتی پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام سے ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد کسان براہِ راست مستفید ہوں گے۔

حکومتی ترجمان کے مطابق، وزیر اعلیٰ نے گندم سپورٹ فنڈ کے تحت 15 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ رقم کسانوں کو براہ راست کسان کارڈ کے ذریعے منتقل کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے گندم کے کاشتکاروں کے لیے آبیانہ اور فکس ٹیکس کی مکمل معافی کا بھی اعلان کیا ہے، جو کسانوں پر مالی دباؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

موسمی اثرات اور مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے کسانوں کو بچانے کے لیے، حکومت چار ماہ کی مفت اسٹوریج کی سہولت فراہم کرے گی، جبکہ صوبائی و ضلعی سطح پر گندم اور آٹے کی نقل و حمل پر عائد تمام پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ گندم اگانے والے کسانوں کا کوئی نقصان نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ "جن کسانوں نے گندم کاشت کی ہے، انہیں ان کی محنت کا مکمل اور منصفانہ معاوضہ ضرور ملے گا۔"

Watch Live Public News