ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے: خواجہ آصف

ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے: خواجہ آصف
کیپشن: ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے: خواجہ آصف

ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہو چکا ہے، اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مارچ میں 4.1 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ نواز شریف کا حالیہ دورہ برطانیہ صرف طبی معائنے کے سلسلے میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی دھرتی سے بے حد محبت کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

خواجہ آصف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “پیسے نہ بھیجنے کی دھمکیاں دینے والوں کو اب اپنی حیثیت کا اندازہ ہو گیا ہوگا۔” انہوں نے مزید کہا کہ "ہم پر بھی مشکل وقت آیا، لیکن ہم نے ملک چھوڑنے کے بجائے اس کا سامنا کیا۔"

وزیر دفاع نے تجویز دی کہ اوورسیز پاکستانیز کنونشنز دنیا کے مختلف ممالک میں منعقد کیے جانے چاہئیں تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کو ملکی ترقی میں شامل کیا جا سکے۔

ادھر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2025 کے دوران ترسیلات زر کا حجم 4.1 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا، جو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس حد سے تجاوز ہے۔ سالانہ بنیاد پر ترسیلات میں 37.3 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 29.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

Watch Live Public News