ویب ڈیسک: سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کیخلاف بڑی مزاحمت سامنے آئی ہے۔ دوتانی قبائل نے فتنتہ الخوارج کےدہشتگردوں کیخلاف قومی جرگہ منعقد کیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں دہشتگردوں نے دوتانی قبیلے کے کانسٹیبل حمید شاہد اور اشرف کو اغوا کر کے شہید کر دیا تھا۔ اس بہیمانہ دہشتگردی کیخلاف دوتانی قبائل نے قومی جرگہ بلا کر دہشتگردوں کے خلاف متحد ہونے کا اعلان کر دیا۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کیخلاف مزاحمت کا اعلان کیا گیا ہے۔عوام خیبرپختونخوا کے طول وعرض میں اب سیسہ پلائی دیوار کی طرح پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو چکے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے عوام کی مزاحمت کی بدولت فتنةالخوراج مایوسی کا شکار
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 12 اپریل کی رات ڈی آئی خان اور ڈی جی خان کے سرحدی علاقے میں عوام نے خوارج کوگاؤں سے بھگا دیا۔ اس وقت بھی ایک بڑے اجتماع میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ دہشتگردوں کو اپنے علاقے میں نہیں گھسنے دیا جائے گا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اب جنوبی وزیرستان کے دوتانی قبائل کا اعلان بھی دہشتگردوں کیلئے واضح اور دو ٹوک پیغام ہے۔ غیور قبائلیوں کی جانب سے فتنہ الخوراج کیخلاف کھڑا ہونا دہشتگردوں کیلئے بڑا دھچکا ہے۔خیبرپختونخوا کے عوام کی جانب سے دہشتگردوں کیخلاف مزاحمت دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نئی امید ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق دہشتگردوں کو عوام کے اس فیصلے کے بعد اب چھپنے کا ٹھکانہ نہیں ملے گا۔فتنتہ الخوارج کے خلاف عوامی اتحاد پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔