(ویب ڈیسک ) ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مدی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کاروائی کی ، کاروائی کے نتیجے میں چار خوارج ہلاک کردیے گئے ، ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی باسط صدیق نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیر اعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔انہوں نے کارروائی میں 4 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے سپاہی باسط کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے شہید باسط کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم شہید باسط کو سلام پیش کرتی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔