ویب ڈیسک: بھارت کے معروف کاروباری شخصیت مکیش امبانی طویل عرصے بعد ایشیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز کھو بیٹھے ہیں، جبکہ ان کی جگہ ایک بار پھر گوتم اڈانی نے لے لی ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق گوتم اڈانی 92.6 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ نہ صرف ایشیا بلکہ دنیا کے امیر ترین افراد میں 19ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ مکیش امبانی 90.8 ارب ڈالرز کے ساتھ 20ویں نمبر پر موجود ہیں۔
یاد رہے کہ گوتم اڈانی نے 2023 کا آغاز 119 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص کے طور پر کیا تھا، تاہم بعد ازاں ان کی دولت میں نمایاں کمی آئی۔ اب تقریباً دو سال بعد وہ دوبارہ ایشیا کے امیر ترین فرد بننے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
رواں سال کے دوران اڈانی کی دولت میں 8.1 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا، جبکہ مکیش امبانی کی دولت میں 16.9 ارب ڈالرز کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی درجہ بندی میں ایلون مسک بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جن کی دولت 656 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔ دوسرے نمبر پر لیری پیج 286 ارب ڈالرز کے ساتھ موجود ہیں، جبکہ جیف بیزوز 269 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب فرانس کے ارب پتی برنارڈ آرنو کو رواں سال سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا، اور ان کی دولت میں تقریباً 44 ارب ڈالرز کی کمی واقع ہوئی ہے۔