ویب ڈیسک: ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 80 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترجمان واسا راولپنڈی نے بتایا کہ بارش کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 14 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر پانی کا بہاؤ 10 فٹ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارش کے پیش نظر واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے۔ نکاسی آب آپریشن کی نگرانی وہ خود کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے نے ملک میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں کا ساتواں سلسلہ 23 اگست تک جاری رہے گا۔ بالائی پنجاب، راولپنڈی، مری گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں شدید طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے خدشات ہیں۔ منڈی بہاوالدین، گوجرانولہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ چنیوٹ اور فیصل آباد میں بھی بارشیں ہوں گی۔
اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، مظفرگڑھ، خانیوال، لودھراں، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔ پنجاب کے دریاؤں و ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔