ویب ڈیسک: جنوبی کوریا نے جرائم کی روک تھام کیلئے ہولوگرافک پولیس اہلکار متعارف کرائے ہیں۔ جو ایک جدید اور دلچسپ تکنیکی اقدام ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق سیئول کے ایک مشہور پارک میں نصب یہ تھری ڈی ہولوگرام پولیس اہلکار ہر روز شام سات بجے سے رات 10 بجے تک فعال رہتا ہے۔ یہ سیاحوں کو بتاتا ہے کہ تشویش کی صورت میں پولیس فوری طور پر ردعمل دے گی اور پارک میں نگرانی کے کیمرے بھی نصب ہیں۔
پولیس کے مطابق اس جدید اور دلچسپ تکنیکی اقدام سے اکتوبر 2024 سے مئی 2025 کے دوران پارک کے اردگرد جرائم میں 22 فیصد کمی آئی ہے۔ جو کہ پچھلے سال کے اعداد وشمار سے کم ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہولوگرام شہریوں کو تحفظ کا احساس دلاتا ہے اور بدانتظامی کے خلاف نفسیاتی اثر ڈالتا ہے۔ اگرچہ یہ حقیقت میں ایک پولیس اہلکار نہیں ہے مگر اس کا وجود جرائم کے امکانات کو کم کرتا ہے۔
خیال رہے کہ یہ ہولوگرافک پولیسنگ اسمارٹ پولیسنگ کی جدید مثال ہے جو ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام میں تحفظ کے احساس کو فروغ دیتی ہے۔ جنوبی کوریا اس طرح کے اقدامات کے ذریعے اپنی سیکیورٹی سسٹم کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔