ویب ڈیسک: جنوبی افریقہ کے اسٹار بلے باز ڈیولڈ بریوس نے ویرات کوہلی کا ایک بڑا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
بریوس نے یہ کارنامہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں انجام دیا۔ انہوں نے صرف 22 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کر کے ٹیم کو قابل عزت اسکور تک پہنچایا ضرور ، لیکن ان کی ٹیم میچ جیتنے میں ناکام رہی اور سیریز بھی ہار گئی۔ بریوس نے 26 گیندوں پر 53 رنز بنائے، جس میں ایک چوکا اور چھ شاندار چھکے شامل تھے۔
بلے باز بریوس، آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بطور غیر ملکی کھلاڑی سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔
انہوں نے تین میچوں میں 14 چھکے لگائے، جبکہ اس سے پہلے یہ ریکارڈ ویرات کوہلی کے نام تھا، جنہوں نے 10 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 12 چھکے لگائے تھے۔ بریوس نے اس سیریز کے دوسرے میچ میں سنچری بنا کر بھی خوب تعریفیں حاصل کی تھیں۔
آسٹریلیا نے گلین میکسویل کی ناٹ آوٹ نصف سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔
آخری دو گیندوں پر چار رنز درکار تھے، جس پر میکسویل نے لونگی نگیڈی کی گیند کو ریورس سویپ کرتے ہوئے باونڈری پار کرا دیا۔ میکسویل نے 36 گیندوں پر 62 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی اور جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دی۔