(ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ جن کے صوبے میں ایک سڑک پر 8 ارب کی کرپشن ہو جاتی ہے وہ ہم سے سوال پوچھیں گے،جنکی اپنی سندھ حکومت میں الیکٹرک پنکھوں سے لے کر پورے پورے امتحانی سینٹر بک جاتے وہ ہم سے سوال کریں گے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے بیان میں کہا کہ کسی کو سندھ سے کوئی مخالفت نہیں ہے،اگر کسی کو کارکردگی طعنے کی طرح لگتی ہے تو کارکردگی پر بات تو ہوگی،بغیر کسی ثبوت کے کرپشن کے الزامات لگانے والے کو عدالتوں میں بھی لے جایا جا سکتا ہے،بغیر ثبوتوں کے پریس کانفرنسز کرنے پر سوال پوچھا گیا تو وہ سیاسی انتقام بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جن کے صوبے میں ایک سڑک پر 8 ارب کی کرپشن ہو جاتی ہے وہ ہم سے سوال پوچھیں گے،جنکی اپنی سندھ حکومت میں الیکٹرک پنکھوں سے لے کر پورے پورے امتحانی سینٹر بک جاتے وہ ہم سے سوال کریں گے،جنکے یہاں "ششٹم" کا مطلب کیا ہوتا وہ ہم سے سوال پوچھیں گے؟۔
عظمی بخاری نے کہا کہ سکینڈل سندھ میں ہوتے پنجاب میں نہیں، پنجاب میں کوئی بے ضابطگی ہوتی ہے تو چیف منسٹر اور ان کی ٹیم خود سامنے لاتے ہیں لوگوں کو بچاتے نہیں ہیں،الحمدللہ پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے،آج بھی مریم نواز نے مسلسل پانچویں میٹنگ کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دوردراز لوگوں کو گھر گھر ہزاروں لیٹر مفت پانی کی بوتلیں پہنچائی جارہی ہیں،جو تھر میں بچوں کو صاف پانی نہیں دے پاتے جہاں انسان اور جانور اکٹھے پانی پیتے ہیں ان کو پنجاب میں صاف پانی کا درد اٹھ رہا ہے ویسے کیا کمال لوگ ہیں۔
عظمی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز نے پنجاب کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا۔