ویب ڈیسک: پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں یورپی ملک مالٹا پہلے نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ یونان، آئرلینڈ اور رومانیہ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ درجہ بندی کے مطابق برطانیہ کا پاسپورٹ 35 ویں اور امریکا کا 43 ویں نمبر پر ہے۔
سالانہ انڈیکس میں ویزا فری سفر، شہریوں پر ٹیکس، عالمی تصور، دوہری شہریت اور ذاتی آزادی سمیت مختلف عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے 199 ممالک کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ویزا فری سفر کے شعبے میں یونان نے سب سے زیادہ اسکور حاصل کیا، جبکہ عالمی تصور اور ذاتی آزادی کے حوالے سے آئرلینڈ سرفہرست رہا۔ اسی طرح ذاتی آزادی میں رومانیہ کو بہترین درجہ دیا گیا۔ تینوں ممالک نے دوہری شہریت کے معاملے میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔
درجہ بندی کے سرفہرست پانچ ممالک میں قبرص بھی شامل ہے، جبکہ کینیڈا اور جنوبی کوریا 35 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کو منفرد شہریت پر مبنی ٹیکس نظام کے باعث درجہ بندی میں نیچے رکھا گیا۔