ویب ڈیسک: آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈی بیچ پر ہونے والے حالیہ حملے کے الزام میں گرفتار ملزم نے تفتیشی حکام کے سامنے بیان دینے سے انکار کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے قانونی حقِ خاموشی کا استعمال کیا، جس کے باعث تفتیشی عمل میں پیش رفت محدود ہو گئی ہے۔
دوسری جانب زندہ بچ جانے والے حملہ آور پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے، جس میں 15 افراد کے قتل سمیت 59 سنگین الزامات شامل ہیں۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے مطابق 24 سالہ نوید اکرم کو منگل کے روز کوما سے ہوش میں آنے کے بعد بدھ کو باضابطہ طور پر چارج کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوید اکرم کو اتوار کی رات پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر کے سڈنی کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی تھی۔
حکام کے مطابق واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر مواد کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ ملزم کو جلد عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔