سولرصارفین کیلئے بری خبر،حکومت کانیٹ میٹرنگ سے متعلق بڑا فیصلہ

سولرصارفین کیلئے بری خبر،حکومت کانیٹ میٹرنگ سے متعلق بڑا فیصلہ
کیپشن: سولرصارفین کیلئے بری خبر،حکومت کانیٹ میٹرنگ سے متعلق بڑا فیصلہ

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے نیٹ میٹرنگ پراجیکٹ کو مرحلہ وار ختم کرنے اور اس کی جگہ نیٹ بلنگ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ صارفین کے لیے نئے نیٹ بلنگ نظام کی تفصیلات مرتب کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیٹ میٹرنگ کے تحت سولر صارفین اضافی بجلی قومی گرڈ میں شامل کر کے مقررہ نرخ پر ایڈجسٹمنٹ حاصل کرتے تھے، تاہم حکومت کے مطابق موجودہ نظام سے پاور سیکٹر پر مالی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ اسی تناظر میں نیٹ بلنگ کا نیا فارمولہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیپرا نئے نظام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گا، جس کے بعد حتمی قواعد و ضوابط کا اعلان کیا جائے گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نیٹ بلنگ کا اطلاق نئے سولر صارفین پر کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق نیٹ میٹرنگ کے خاتمے سے گھریلو اور کمرشل سطح پر سولر توانائی کے استعمال میں کمی آ سکتی ہے اور سولر انڈسٹری کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب حکومتی حلقوں کا مؤقف ہے کہ نیٹ بلنگ سے بجلی کے نرخوں میں توازن آئے گا اور قومی گرڈ پر بوجھ کم ہوگا۔

ذرائع کے مطابق نیٹ بلنگ نظام کی حتمی منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جس کے بعد اس پر عملدرآمد شروع ہوگا۔ عوام اور سولر صارفین کی نظریں اب نیپرا کے حتمی فیصلے پر مرکوز ہیں۔

Watch Live Public News