ویب ڈیسک : پاکستان میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والی بین الاقوامی زیرآب کیبل سسٹم میں خرابی کے نتیجے میں ملک میں آن لائن سروسز متاثر ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) سے جاری کردہ بیان کے مطابق مصر میں ابو تلات کے قریب بین الاقوامی زیر آب کیبلز سسٹم میں خرابی کے نتیجے میں صارفین کو انٹرنیٹ سروسز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے) نے یورپ کی جانب سے ایس ای اے ایم ای ڈبلیو ای 5 کیبل سسٹم میں بین الاقوامی کنیکٹیویٹی میں سروس میں سست روی سے آگاہ کیا ہے۔ انٹرنیٹ سروس کی فراہمی میں یہ سست روی زیر آب کیبل سسٹم میں خرابی کی وجہ سے آئی ہے۔
مصر میں بین الاقوامی ہم منصبوں کے ذریعے جلداز جلد اس خرابی کو ٹھیک کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ذرائع کے حوالے سے یہ رپورٹس زیر گردش تھیں پاکستان میں صارفین کو بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی زیر آب کیبل آئی ایم ای ڈبلیو ای میں خرابی پیش آئی ہے۔
تاہم پی ٹی اے اورپاکستان ٹیلی کمیونیکشن لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی جانب سے ایسی کسی خرابی کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان کو بیرونی دنیا سے انٹرنیٹ کے ذریعے جوڑنے والی کیبلز کی تعداد 6 ہے، دو کا ذکر تو اوپر ہوچکا ہے جبکہ دیگر چار میں ٹی ڈبلیو 1 (TW1)، ایس ای ایم ای ڈبلیو ای 3 (SEMEWE3)، ایس ای ایم ای ڈبلیو ای 5 (SEMEWE5) اور AAE1 شامل ہیں۔خیال رہے کہ اکتوبر 2019 میں پاکستان میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والی 2 بین الاقوامی زیرآب کیبلز میں خرابی کے نتیجے میں آن لائن سروسز متاثر ہوئی تھیں۔