ویب ڈیسک: وفاقی حکومت آج آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرے گی۔اعلی سرکاری افسران پر کڑی پابندیاں لگانے کا قانون آج قومی اسمبلی میں پیش ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سول سرونٹس ایکٹ 1973 میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا ہے۔وفاقی وزیر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ سول سرونٹس ترمیمی بل 2025 ایوان میں پیش کریں گے۔
ذرائع کا کہناہے کہ بل کے تحت سول سرونٹس ایکٹ 1973 کی شق 15-اے میں ترمیم کی جائے گی، ترمیمی بل کے تحت سول سرونٹس کو بیرون ملک موجود اثاثے ظاہر کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔گریڈ 17 سے 22 کے افسران کو اپنے سمیت اپنے اہل خانہ کے اثاثے بھی ظاہر کرنا ہونگے۔ملک اور بیرون ملک منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات بھی دینا ہونگی۔
ذرائع کا کہناہے کہ اپنے اور اہل خانہ کے غیر ملکی دوروں اور اس کی وجوہات بھی بتانا ہونگی۔اثاثہ جات کو ہر سال پبلک کرنا لازمی قرار دیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے چند دن قبل سول سرونٹس ترمیمی بل کی منظوری دی تھی۔آج اسے باقاعدہ قانون کی شکل میں قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔