ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے ماہِ رمضان میں 40 لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلے میں ’’نگہبان رمضان پروگرام‘‘ کے تحت خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ رمضان المبارک رحمت اور برکت کا مہینہ ہے جسے دنیا بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں رمضان کی آمد پر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں، جبکہ دیگر ممالک میں خصوصی رعایتی مراکز قائم کیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پرائس کنٹرول محکمے اور ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس مرتبہ مستحق افراد کو لائنوں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا بلکہ تقریباً 40 لاکھ خاندانوں کو ’’ رمضان نگہبان کارڈ‘‘ ان کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اب تک 4 لاکھ کارڈ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ اس کارڈ کے ذریعے 10 ہزار روپے تک کا راشن خریدا جا سکے گا، جبکہ اسے فعال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور صوبے بھر کی 9 ہزار 200 خودکار مشینوں سے رقم نکلوائی جا سکے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی دکاندار اضافی رقم طلب کرے تو فوری شکایت درج کرائی جائے، پنجاب پولیس فوری کارروائی کرے گی۔ ان کے مطابق یہ رقم عوام کی امانت ہے اور سہولت بازاروں میں بھی کارڈ کے استعمال کی سہولت دستیاب ہوگی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری کے افراد کو بھی 10 ہزار روپے کی امداد دی جا رہی ہے کیونکہ ان کے روزے بھی اسی عرصے میں شروع ہو رہے ہیں۔ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خصوصی فورس پورے صوبے میں پرائس کنٹرول یقینی بنائے گی اور یہ مہم پورا رمضان جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کی 147 تحصیلوں میں 300 دسترخوان مخیر حضرات کے تعاون سے لگائے جائیں گے۔ مخیر افراد کی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں اور حکومت کی جانب سے انہیں تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک میں حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے غریبوں اور مساکین کی بھرپور خدمت کریں۔
ثقافتی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بسنت کے تہوار کے دوران مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا گیا اور انتظامی اقدامات کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا گیا۔